لاہور(صباح نیوز) لاہور میں پولیس اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق چاروں دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے، ہلاک دہشت گردوں میں کالعدم ٹی ٹی پی کا ٹارگٹ کلر فیضان بھی شامل ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم فیضان کی نشاندہی پر جنگل سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کیا گیا، اسلحہ برآمدگی کے دوران فیضان کے 5سے 6 ساتھیوں نے حملہ کیا، فائرنگ سے ملزم فیضان سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر سیدھا فائرنگ کی، سی ٹی ڈی ٹیم نے بھی اپنے دفاع میں فائرنگ کی، فائرنگ کرنے والے 3 دہشت گرد جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے، موقع سے 2 کلاشنکوف ایک پستول قبضہ میں لے لیا گیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ٹارگٹ کلر فیضان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا ۔ ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک تین دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔