رفح سمیت غزہ پر اسرائیل کے حملے، 5 بچوں سمیت درجنوں فلسطینی شہید، سیکڑوں زخمی


غزہ /واشنگٹن(صباح نیوز)رفح سمیت غزہ کے دیگر علاقوں پر اسرائیلی فوج کے زمینی و فضائی حملوں میں 5 بچوں سمیت درجنوں فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہو گئے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کی غزہ سٹی میں بمباری سے مزید 5 بچوں سمیت 7 فلسطینی شہید ہوگئے۔ رفح سمیت غزہ کے دیگر علاقوں پر اسرائیلی فوج کے زمینی و فضائی حملوں میں درجنوں فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہو گئے۔7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 34 ہزار 500 سے زیادہ ہوچکی ہے۔

دوسری جانب ترجمان امریکی وزارت خارجہ میتھیو ملر نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں امداد کے لیے کرم ابوسالم کراسنگ کھولنے پر رضامند ہوگیا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غزہ کے ساتھ کرم ابوسالم کراسنگ کھول رہے ہیں، کرم ابوسالم کراسنگ پر مصر سے آنے والے امدادی ٹرکوں کی چیکنگ جاری ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے کرم ابوسالم کراسنگ کو اتوار کو بند کردیا تھا۔ اقوام متحدہ کے عہدیدار کے مطابق غزہ میں پانی کی فراہمی ،مواصلاتی رابطے اور امداد کی ترسیل کیلئے ایندھن ختم ہو گیا۔