سردار سلیم حیدرکا گندم کے معاملے پر وزیر اعلی پنجاب اور کسان اتحاد سے رابطوں کا اعلان

اسلام آباد (صباح نیوز)نامزد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرنے گندم وآٹا بحران کے معاملے پر  وزیر اعلی پنجا ب اور کسان اتحاد سے رابطوں کا اعلان کردیا،پورے پنجاب کی عوام کے لئے گورنر ہاؤس کے دروازے کھلے رہیں گے،گورنر شپ کو انجوائے نہیں کرنا بلکہ کام کرنا ہے۔منگل کو پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں   میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدرنے  کہا کہ اللہ کی مہربانی سے پنجاب کے لئے میرا نام نامزد ہوا ہے آصف زرداری ، بلاول بھٹو اور فریال تالپور کا اعتماد کرنے پر شکر گزار ہوں ۔

انھوں نے کہا کہ جب سے سیاست شروع کی پیپلزپارٹی کے ساتھ ہوں، امید ہے جب تک ہوں پی پی میں رہوں گا۔نامزدگورنرنے کہا کہ  مسلم لیگ ن اور پی پی میں پل کا کردار ادا کروں گا ملک کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے پوری کوشش ہے کہ پنجاب سے متعلق مشکلات کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کروں۔ گندم اسکینڈل کے  کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں میرے پاس مصدقہ اطلاعات نہیں،نگران حکومت یا کوئی اور سیاسی جماعت ملوث تھی یا نہیں مجھے معلوم نہیں،آٹا بحران کے لئے وزیر اعلی پنجاب اور کسان اتحاد سے بھی ملاقات کروں گا۔

اس سوال کہ آپ بلاول بھٹو کے امیدوار تھے یا آصف علی زرداری کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا امیدوار تھا،سردار سلیم حیدر نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے صرف پیپلز پارٹی ورکرز کے لئے نہیں بلکہ پورے پنجاب کی عوام کے لئے کھلے رہیں گے ہمیں گورنر شپ کو انجوائے نہیں کرنا بلکہ کام کرنا ہے ،مریم نواز ہماری بہن ہیں اور چیف منسٹر ہیں پنجاب میں سیاسی جگہ  لینا ہمارا حق ہے سیاسی استحکام لائے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا