عمران خان کا سپریم کورٹ کے فیصلے پر اظہارِ اطمینان

 راولپنڈی(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹرگوہر نے کہا ہے کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، بانی پی ٹی آئی کا مقصد ایسا نہیں تھا کہ امریکا سے تعلق خراب کرجائیں۔عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اظہارِ اطمینان کیا ہے ،

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے، پہلے انتظار پنجھوتہ کو روکا گیا اور آج شیر افضل مروت کو اندر جانے نہیں دیا گیا، بانی پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ کے حکم پر تسلی ہے، یقین ہے کہ کسی بھی پارٹی کو جیتی سیٹوں سے زیادہ سیٹیں نہیں دی جائیں گی اور ہمیں ہمیں انصاف ملے گا۔بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے نگران وزیراعظم انورالحق کاکڑ کے بیان پر بھی بات کی ہے،

پہلی کمشنر راولپنڈی اور اب سابق نگران وزیراعظم نے فارم 47 کا اعتراف کیا ہے، ہم عدلیہ سے درخواست کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن کی درخواستوں پر سماعت ہو، باقی درخواستوں پر بھی بینچ بنائے تاکہ فیصلہ ہوسکے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو امریکی سفیر سے ملاقات کا بتایا ہے، بانی پی ٹی آئی نے امریکی سفیر سے ملاقات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، ہم 9 مئی کو پرامن احتجاج کریں گے، تمام ٹکٹ ہولڈرز شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کہاں ہے؟ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، بانی پی ٹی آئی کا مقصد ایسا نہیں تھا کہ امریکا سے تعلق خراب کرجائیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان پڑھوں گا تو پھر بات کروں گا۔صحافی نے سوال کیا کہ ایک طرف آپ امریکیوں پر مداخلت کا الزام لگاتے اور دوسری طرف امریکی سفیر سے ملاقات کرتے ہیں اور انھیں شکایات لگاتے ہیں،

اس پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جہاں تک امریکی مداخلت کا تعلق ہے وہ معاملہ حکومتی سطح پر اٹھایا گیا تھا اس کا مقصد ہر گزیہ نہیں ہے کہ آپ امریکا جیسے ملک کے ساتھ اپنے تعلقات ختم کریں، اس کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ ان کا سفیر یہاں پر روزانہ کے معاملات کو بھی ختم کرے، قائد حزب اختلاف سے ملاقات نہ کرے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس ملاقات میں عمر ایوب کے ساتھ اسد قیصر اور میں بھی شریک تھا، لیڈر آف اپوزیشن بھی ہماری جماعت سے ہیں، امریکی سفیر سے ملاقات کا سائفرمعاملہ سے کوئی تعلق نہیں۔وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ 9 مئی ریاستی جبر سے شروع ہوا، عمران خان کو ریاستی اداروں نے اغوا کیا، تمام واقعات پر کہا گیا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز خراب ہیں، آپ کی سی سی ٹی وی فوٹیجز صرف بیڈ روم میں چلتی ہیں، اسٹیبلشمنٹ اور پی ڈی ایم نے 9 مئی کا ڈرامہ رچایا۔

قبل ازیں میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ امریکی سفیر نے وزارت خارجہ کو خط لکھ کر آگاہ کیا اور اس کے بعد پھر پی ٹی آئی قیادت سے آکر ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ ہماری اپیلوں پر سماعت نہیں ہو رہی لیکن بہرحال دیکھیں عدلیہ کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور اس کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے، ہم عدلیہ کو بھی سپورٹ کریں گے۔صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر کی پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات خوش آئند ہے، امریکی سفیر نے خود اس ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا، انہوں  نے امریکی سفارت خانے کو خط لکھا جسے ہماری فارن منسٹری نے انڈورس کیا اور درخواست کی کہ آپ ان سے ملیں بعدازاں اسمبلی میں آکر یہ ملاقات ہوئی، امریکی سفیر اسپیکر اور عمر ایوب سے ملے،پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پورے پنجاب میں پولیس راج ہے، ٹک ٹاکر وزیرِاعلی اور ٹک ٹاکر آئی جی پنجاب کے نیچے پوری ٹیم ہے۔بابر اعوان نے کہا کہ ہمارے راستے کھل چکے ہیں، راستے بند کرنے والوں نے ہمارے راستے کھول دیئے۔

انہوں نے کہا کہ سب سے بڑے صوبے کا کوئی پرساں حال نہیں ہے۔پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ راستوں کی بندش پر پارلیمان کی کوئی طاقت نہیں چل رہی۔پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین اڈیالہ جیل پہنچے تو گاڑی روکنے پر شعیب شاہین اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔شعیب شاہین نے گاڑی روکنے والے پولیس اہلکاروں کی فوٹیجزبنا لیں۔انہوں نے کہا کہ باقیوں کو اجازت ہے لیکن ملاقات والی گاڑیوں کو روک لیا جاتا ہے۔جبکہ پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ گاڑی آگے جانے کی اجازت نہیں، ملاقات کرنے والوں کے لیے الگ پارکنگ ہے۔اڈیالہ جیل میں عمران خان سے بشری بی بی اور بہنوں سے بھی ملاقات کی۔اڈیالہ جیل کے باہر سیکورٹی کے لیے لگائی گئی حفاظتی باڑ سے شہری بھی زخمی ہوا۔پولیس اہلکاروں نے حفاظتی باڑ سیکورٹی خدشات کے باعث لگائی ہے جس سے موٹر سائیکل سوار تیز رفتاری کے باعث جا ٹکرایا۔زخمی ہونے والے موٹر سائیکل سوار شہری کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا