ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری، لائسنس کا حصول مزید آسان بنانے کے لیے چھ ہفتوں کا وقت کم کر کے 15 دن کردیا گیا

راولپنڈی(صباح نیوز)ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری، لائسنس کا حصول مزید آسان بنانے کے لیے چھ ہفتوں کا وقت کم کر کے 15 دن کردیا گیا ہے،چیف ٹریفک آفیسر تیمور خان نے کہا کہ پنجاب موٹر وہیکل رولز 1969 میں ترمیم کر دی گئی ہے، جس پر ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ڈرائیونگ اور سائن ٹیسٹ میں فیل ہونے والے شہری 15 دن بعد دوبارہ ٹیسٹ ٹریفک ہیڈکوارٹرریس کورس میں دے سکے گے،

اس سے قبل ڈرائیونگ ٹیسٹ میں فیل ہونے پر 6 ہفتے انتظار کرنا پڑتا تھا۔انھوں نے کہا کہ لائسنس کا حصول مزید آسان بنانے کے لیے چھ ہفتوں کا وقت کم کر کے 15 دن کردیا گیا ہے تاکہ شہری باسانی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکے گے،سی ٹی او نے بتایا کہ ٹریفک ہیڈکوارٹرریس کورس میں شہریوں کی سہولت کے لیے 24 گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن لائسنسنگ سہولیات فراہم کی جا رہی ہے،

شہری بلا تاخیر اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں اور گاڑی چلائیں، سی ٹی او نے بتایا کہ روڈ پر بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے کی اجازت ہرگز نہیں ہے،بغیر لائسنس گاڑی چلانے پردو ہزار روپیہ جرمانہ عائد ہے۔سی ٹی او نے والدین سے اپیل کی ہے 18سال سے کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ کی اجازت مت دیں۔ ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کیجیے اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی کو محفوظ بنائیے۔