سعودی کمپنیوں نے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کا جائزہ لیا ہے، شہبازشریف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سعودی عرب کے کاروباری وفد کے کامیاب دورے کو ملکی معیشت کے لئے اہم سنگ میل قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی کمپنیوں نے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کا جائزہ لیا ہے، سعودی وفدکا کہناتھا کہ ہم نے پاکستان میں ایک نیا دور دیکھا ہے، وفد کے کے سربراہ پاکستانی حکام کی تیاری سے بے حد متاثر ہوئے، وفد دورے کی پیشرفت سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور دیگر متعلقہ حکام کو آگاہ کرے گا ۔ان خیالات کا اظہار منگل کو انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کے کاروباری وفد نے پاکستان کادورہ کیا ہے اور پاکستان کی مہمان نوازی کا کھلے دل سے اعتراف کیا ہے۔

سعودی وفد کے سربراہ نے جس انداز میں پاکستانی حکام کی تعریف کی اس سے بے حد خوشی ہوئی ہے اور برادر ملک سعودی عرب کے وفد نے جس گرمجوشی کا مظاہرہ کیا وہ میرے لئے باعث فخر ہے۔ سعودی وفد نے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے حوالے سے وزرا کی تیاری کو بے حد سراہا۔انہوں نے دورے پر انتہائی اطمینان کا اظہار کیاہے اور کہا ہے کہ وہ انتہائی مسرت کے ساتھ واپس جا رہے ہیں اور واپس سعودی عرب جا کر بتائیں گے کہ ہم نے پاکستان میں ایک نیا دور دیکھا ہے۔ یہاں پر ہماری بزنس ٹوبزنس ملاقاتیں ہوئیں۔ پاکستانی حکام نے سعودی وفد کو بھرپور طریقے سے پریزینٹیشنز دیں جو کہ ہمارے لئے انتہائی حوصلہ افزا بات ہے۔

سعودی وفد دورے کی پیشرفت سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور دیگر متعلقہ حکام کو آگاہ کرے گا۔وزیر اعظم نے کہاکہ دورے کو کامیاب بنانے کے لئے وفاقی وزیرتجارت ، وفاقی وزیرپٹرولیم، وفاقی وزیر خزانہ ، وفاقی وزیر ہوا بازی اور وفاقی وزیر بجلی سمیت متعلقہ سیکرٹریز اور وزارتوں کی بہترین کاوشیں لائق تحسین ہیں جس پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کرنے والے حکام کا ایک اجلاس طلب کیا ہے۔ یہ ایک انتہائی اہم دن تھا۔

وفاقی کابینہ نے وزارت ہوا بازی کی سفارش پر ائیر سیال کو چین، ملائشیا ، سری لنکا ، تھائی لینڈ، ترکیہ ، برطانیہ اور کویت میں فلائیٹ آپریشنز شروع کرنے کی منظوری دے دی. یہ منظور ی نیشنل ایوی ایشن پالیسی 2023 اور ائیر سروسز ایگریمنٹ کے تحت دی گئی ہے ،وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر اسلامی جمہوریہ پاکستان اور کنگڈم آف کولمبیا کے درمیان مشترکہ تجارتی کمیٹی کے قیام حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر ڈائیریکٹوریٹ جنرل آف اسپیشل ایجوکیشن کو وفاقی وزارت انسانی حقوق سے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے چینی سرمایہ کاری منصوبہ جات کی 30 اپریل 2024 کو ہوئے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔