متنازعہ مخصوص نشستوں کے باعث صدر ،وزیر اعظم، اسپیکر کا انتخاب بھی متنازع ہو گئے ہیں. عمر ایوب خان

اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ متنازعہ مخصوص نشستوں کے باعث صدر وزیر اعظم اسپیکر کا انتخاب بھی متنازع ہو گئے ہیں یہ انتخابات دوبارہ کروانے پڑیں گے شروع دن سے ہمارا یہی موقف تھا امریکی سفیر سے پاکستان میں آئین اور قانون کی بالا دستی کے معاملات پر بات کی ہے سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی ، بے بنیاد مقدمات پر ضرور بات ہوئی وزارت خارجہ نے امریکی سفیر کی ملاقات کے بارے میں آگاہ کیا تھا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  پارلیمنٹ ہاؤس میں امریکی سفیر کی ہنگامی ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جبکہ امریکی سفیر نے میڈیا کے متعدد سوالات کے باوجود کسی کا جواب نہیں دیا اور خاموشی سے پارلیمنٹ ہاؤس سے چلے گئے، ملاقات میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرخان سابق اسپیکر اسدقیصر بھی موجود تھے ۔ عمر ایوب خان نے مزید کہا کہ ہم کسی غیر ملکی سفیر کے سامنے اپنے داخلی معاملات نہیں اٹھاتے ۔ امریکی سفیر سے آئین قانون کی حکمرانی صاف شفاف جمہوریت کے معاملات پر ضرور بات ہوئی امریکی سائفر پر ہمارا موقف موجود ہے انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھتی ہے کہ سرمایہ کاری کے لیے کیا سیاسی معاشی استحکام ہے کیا ادارے بالخصوص عدلیہ آزادانہ فیصلے کر رہی ہے ۔

مخصوص نشستوں کے حوالے سے عمر ایوب خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا ہے ہم تو پہلے دن سے یہ بات کر رہے ہیں ۔ صدر وزیر اعظم اسپیکر کے انتخاب کے معاملے پر بھی یہ بات کی پارلیمنٹ میں چلاتے رہے دھاندلی کے ذریعے مخصوص نشستیں لی گئیں ارکان کے حلف سے لیکر اہم پارلیمانی انتخاب تک ہر موقع پر یہ بات کی کہ آپکا وزیر اعظم اسپیکر ڈپٹی اسپیکر صدر کا انتخاب سارے کے سارے انتخابات متنازعہ ہو گئے ہیںکیونکہ زبردستی لی گئی نشستوں والوں نے ووٹ ڈالے یہ نشستیں ہماری تھیں لہذا انکو صدر وزیر اعظم اسپیکر کا انتخاب دوبارہ کروانا پڑیگا ۔ حکومت فارم 47 کی بیساکھیوں پر بیٹھی ہے ۔

بڑے فیصلوں کے انکے پاس اختیار ہی نہیں ہے ملک میں اسوقت افراتفری ہے  کاروبار ٹھپ ہیں مہنگائی آسمان سے چھو رہی ہے ایک ارب ڈالر کا گندم سکینڈل سامنے آ چکا ہے اور یہ ہاکی میچ کی طرح ایک دوسرے کو گیند پاس کر رہے ہیں ۔ انوار الحق کاکڑ حنیف عباسی کی گواہی آ گئی  ہے جعلی حکومت کے بارے میں بھی اور گندم سکینڈل کے بارے میں بھی ۔ ساڑھے تین سو ارب روپے کا معاملہ ہے ۔ انہوں نے بات چیت کے دوران سعودی تجارتی وفد کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کی فضا ضروری ہے کیا وہ لوگ نہیں جانتے کہ پاکستان میں ججز کے ساتھ کیا ہو رہا ہے چھ ججز خط لکھ چکے ہیں ۔ دنیا تمام معاملات پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔