کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر گندم کی خریداری، باردانے کی عدم دستیابی اور کسانوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کیخلاف جماعت اسلامی کے تحت سندھ میں میرپورخاص،قمبر،خیرپور،بدین،شکارپور،گھوٹکی،لاڑکانہ، قاضی احمد، شہدادکوٹ اور قاضی احمد سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن میں شریک سیاسی، سماجی رہنمائوں، کسان اور آبادگار وں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کسان اور آبادگار کی خوشحالی سے ہی سندھ اور ملک کی خوشحالی وابستہ ہے لیکن سندھ سرکار کی عدم توجہ ،کرپشن اور زرعی ادویات سمیت کھاد کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کی وجہ سے سندھ کا ہاری پریشان ہے جبکہ تمام تر محنت اور فصل پر خرچ کرنے کے باوجود فصل مارکیٹ میں آنے پر ہمیں جائز قیمت نہیں ملتی، اس وقت گندم کا بمپر فصل آنے پر سرکاری ریٹ اور باردانہ کیلئے ہاری ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں اور سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں لیکن ان کی دادرسی کرنے والا کوئی نہیں ہے یہ سراسر ظلم اور ناانصافی ہے اس معاملے میں سابق نگراں وزیراعظم، وزیرخزانہ سمیت کسی کو بھی بخش نہ کیا جائے اور ملوث اہلکاروں کو قانون کی پکڑ میں لاکر سخت سزادی جائے۔
اس سلسلے میں منعقدہ مظاہروں سے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالقدوس احمدانی،سید علی مردان شاہ، مفتی یوسف مزاری، سرور احمد قریشی،قاری ابو زبیر جکھرو، مولانا ثنااللہ جونیجو ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ جعلی حکومت نے بھی باہر سے گندم منگوائی ہے اسکے ذمہ دار افسران کا بھی احتساب کیا جائے، ملک پہلے ہی ایک ایک ڈالر کیلئے پریشان ہے تو دوسری جانب گندم کا وافر ذخیرہ ہونے کے باوجود 110کروڑ ڈالرز کی گندم باہر سے منگوائی گئی جس سے نہ صرف ملکی خزانے کی بربادی بلکہ کسان اور آبادگار بھی سخت متاثر ہوچکا جو کہ ناقابل معافی جرم ہے۔ محکمہ خوراک کے کرپٹ اور نااہل افسران کو لغام دینے والا کوئی نہیں ملک پر عملی طور پر گندم، آٹے اور چینی مافیاز کا راج ہے جنہوں نے اشیاء کی ذخیرہ اندوزی،کرپشن اور مہنگائی کرکے ملک کو ناقابل تلافی نقصان اور عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔سابق نگران وزیراعظم کاکڑ ہو ،نگران وزیرخزانہ شمشاد اختر یاکوئی بھی طاقتور شخصیت ملوث ہو ان کو شامل تفتیش کرکے قانون کے مطابق سخت اور مثالی سزائیں دی جائیں تاکہ آئندہ کسی کو بھی بدعنوانی اور کرپشن کرنے کی جرت نہ ہوسکے۔
میرپورخاص پریس کلب پر منعقدہ مظاہرے سے مقامی امیر حاجی نورالاہی مغل، مفتی تحسین بھٹو،ڈھرکی پریس کلب پر ضلعی امیر مولانا یوسف مزاری،احمد خان گڈانی، پیرگوٹھ خیرپور میں ضلعی امیر مولانا ثنااللہ جونیجو، درمحمد خاصخیلی،لاڑکانہ پریس کلب پرمظاہرے قاری ابوزبیر جکھرو،غلام حیدر کورائی،عباس علی ڈاھانی،قنبر پریس کلب پر ضلعی امیر منصور ابڑو،حافظ امتیاز بھٹو،ابراہیم دایو،محمد برڑو، قاضی احمد پریس کلب کے سامنے ضلعی امیر سرور احمد قریشی،مولانا نورمحمد جونو اور بدین پریس کلب پر لگائے گئے احتجاجی کیمپ سے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالقدوس احمدانی،ضلعی امیر سید علی مردان شاہ نے خطاب کیا۔