سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی  جمہوریہ گیمبیا کے صدر، چین کی نیشنل پیپلزکانگریس کے رہنما اور ترکیہ کے وزیر خارجہ سے ملاقات


بنجول(صباح نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے جمہوریہ گیمبیا کے صدر اڈاما بیرو ،چین کی نیشنل پیپلزکانگریس کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین ژنگ جہان بینگ ،ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے بھی ملاقات کی ہے ۔ گیمبیا کے شہر بنجول میں منعقد ہونے والی 15ویں او آئی سی اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پرئب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے جمہوریہ گیمبیا کے صدر اڈاما بیرو  سے ملاقات کی دو طرفہ ملاقات کی اور 15ویں او آئی سی سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔

دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے اس حقیقت کو سراہا کہ گیمبیا نے او آئی سی سربراہی اجلاس کے پلیٹ فارم سے اسلامو فوبیا کے نازک مسئلے کو اجاگر کیا ہے۔

جمہوریہ گیمبیا کے صدر اڈاما بیرو نے 15ویں او آئی سی سربراہی اجلاس میں پاکستان کی جانب سے اعلی سطح کی شرکت پر تہہ دل سے تعریف کی اور کہا کہ سربراہی اجلاس کے سربراہ کی حیثیت سے گیمبیا مختلف مسائل پر امت کے ساتھ رابطے کی امید رکھتا ہے۔دونوں رہنماں نے دوطرفہ تعلقات کی بحالی اور تجارت، زراعت، تعلیم، سیاحت جیسے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان گیمبیا کے سفارت کاروں اور فوجی اہلکاروں کے لیے تربیتی پروگرام پیش کرے گا۔

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ محمد اسحق ڈار اورچین کی نیشنل پیپلزکانگریس کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین ژنگ جہان بینگ  سے بھی ملاقات کی ۔اس موقع پر  پاکستان اور چین نے سی پیک کے تمام منصوبے مکمل کرنے اور اس تعاون کو مزید بہتر بنانے کے عزم کااظہار کیا ہے تاکہ مشترکہ اہداف حاصل کئے جاسکیں ۔فریقین نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت کا اعادہ کیا اور پاکستان کی پارلیمنٹ اور چین کی نیشنل پیپلزکانگریس کے درمیان وفود کے تبادلوں میں اضافے پرتبادلہ خیال کیا۔انہوں نے او آئی سی کے ساتھ چین کے بڑھتے ہوئے تعلقات پر بھی بات چیت کی اور باہمی امن وخوشحالی کیلئے مذاکرات اور مفاہمت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

اسحق ڈار نے چین کے اہم معاملات پر پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور قریبی اقتصادی شراکت داری اور تعاون کے ذریعے باہمی مفاد پرمبنی وسیع تر روابط کی اہمیت پر زوردیا۔نائب چیئرمین ژنگ جہان بینگ نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی اہمیت اور ترقی کیلئے چین کے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔

ادھر پاکستان اور ترکیہ نے خصوصا معیشت ، تجارت اور دفاعی شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیاہے ۔یہ اتفا ق رائے نائب وزیراعظم اوروزیرخارجہ محمد اسحق ڈار اور ترکیہ کے وزیرخارجہ حاکان فدان کے درمیان گیمبیا کے دارالحکومت بنجول میں او آئی سی کی پندرہویں اسلامی کانفرنس کے موقع پر ملاقات میں کیاگیا۔انہوں نے ملاقات میں موجودہ دوطرفہ تعلقات کاجائزہ لیا اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مثالی دوطرفہ تعلقات اور مضبوط دوستی پرزوردیا ۔انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت رجحان پر اطمینان کا اظہارکیا ۔