حیدر آباد(صباح نیوز)حیدر آباد میں ٹرالر اور لوڈر رکشے میں تصادم کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور 3 خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ٹریفک کا افسوسناک واقعہ حیدر آباد کے علاقے جامشورو کوٹری سائٹ نیشنل ہائی وے پر پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹرالر آگے جانے والے لوڈر رکشے سے ٹکرا گیا، حادثے کے نتیجے میں ایک خاتون موقع پر دم توڑ گئی جبکہ 5 افراد شدید زخمی ہوگئے ۔حادثے کے بعد ریسکیو کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی، لاش اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں زخمی ہونے والوں کی طبی امداد دی جا رہی ہے، ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹرالر تحویل میں لے لیا۔