نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار او آئی سی کے سربراہی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کرینگے،دفتر خارجہ


 اسلام آباد(صباح نیوز) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار 4 اور 5 مئی کو گیمبیا کے شہر (بانجول)میں اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی)کے 15ویں سربراہی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار 2 اور 3 مئی کو او آئی سی کونسل آف فارن منسٹرز کیا اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جس میں سربراہی اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی جائے گی۔دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق یہ اجلاس مسلم امہ کے لئے ایسے مشکل وقت میں ہورہا ہے جب غزہ کے عوام مسلسل حالت جنگ میں ہیں۔یہ اسلامی ممالک کے سربراہان کے لئے ایک اہم موقع ہوگا جہاں وہ غزہ کی صورتحال پر غور کریں اور ایک مضبوط،اجتماعی اور متفقہ موقف اپنائیں۔

سربراہ اجلاس کے موقع پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار غزہ میں حالیہ نسل کشی،بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بنیادی حق خودارادیت ،مسلم امہ کے اتحاد و یکجہتی،اسلامو فوبیا میں اضافے،دہشتگردی اور عالمی چیلنجوں بارے پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔اجلاس کے موقع پر نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اجلاس میں شریک سربراہان اور وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔