مزدوروں کے حقوق سے متعلق جلد قومی لیبر کانفرنس کا انعقاد کریں گے، صدر، وزیراعظم


اسلام آباد (صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مزدوروں کے حقوق سے متعلق جلد قومی لیبر کانفرنس کا انعقاد کریں گے،ملک کیلئے خون پسینہ بہانے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ یوم مزدورپر اپنے بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ محنت کش طبقے کو مہنگائی اور بے روزگاری جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان میں محنت کش اور مزدور طبقے کے لیے ایک ایسا سازگار ماحول پیدا کریں جہاں ان کی قدر اور عزت کی جائے، آجر منصفانہ اجرت، مزدوروں کی سلامتی اور صحت کے لئے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کا عالمی دن پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے انتھک کوششیں کرنے والے محنت کشوں اور مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منایا جا رہا ہے، ہم مزدور کے وقار کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ اور ان کی تاریخی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کریں گی، استحصالی طریقوں کے خاتمے اور مزدوروں کے لئے سماجی تحفظ کے پروگرام شروع کرنا ہوں گے ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں رزق حلال کمانے کی خاطر مشقت اور محنت کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہی لوگ ملک کی معیشت اور تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کررہے ہیں، جو نہ صرف اپنے خاندان کا پیٹ پال رہے ہیں بلکہ ملک کی ترقی کیلئے بھی خون پسینہ بہا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے منشور کے عین مطابق ہم پاکستانی افرادی قوت کے حقوق کے فروغ، مزدوروں کی فلاح وبہبود کے لئے  اقدامات اور گھریلو ملازمتوں پر مامور افراد کیلئے قانون سازی کو بین الاقوامی معیار کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے عزم پر قائم ہیں جبکہ مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت کو یقینی بنانا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم جلد ہی اس مقصد کے لئے  ایک قومی لیبر کانفرنس منعقد کریں گے، کان کنی کے حوالے سے بین الاقوامی تنظیم برائے لیبر کے 176 ویں کنونشن کی توثیق کے لئے بھی حکومتی سطح پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، اس کا مقصد کان کنوں کے کام کے دوران تحفظ اور انکی صحت کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی طور پر نازک دور سے گزر رہا ہے اور مجھے اس بات کا بھی بخوبی ادراک ہے کہ موجودہ مہنگائی نے ہمارے مزدور طبقے کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے تاہم حکومت خصوصی سبسڈیز، سماجی تحفظ اور تخفیف غربت کے پروگراموں کے ذریعے اپنے معاشی طور پر کمزور ہم وطنوں کی مشکلات کے ازالے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم بہتر اور کم لاگت رہائش، مفت تعلیم و صحت اور سماجی تحفظ کے اقدامات کے ذریعے اپنے مزدوروں کی فلاح و بہبود کو مزید فروغ دے کر ان کے حالات زندگی کو بہتر بنانے کے لئے  اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، مزدور دوست پالیسیوں اور اقدامات کے ذریعے ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مزدوروں کو زرق حلال کے حصول کیلئے موزوں ماحول میسر ہو، اس طرح ہمارے مزدور پاکستان کی طاقت بنیں گے۔انہوںنے کہا کہ اس موقع پر میں بالخصوص ایسی باہمت خواتین جو اپنے خاندان کیلئے روزی کمانے کیلئے معاشرے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کرتی ہیں انکے حوصلے وعزم کو داد دونگا اور انکی عظمت کو سلام پیش کروں گا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، معیشت کو بحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمیں مستقل مزاجی سے بھرپور محنت کرنا ہوگی۔شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ مالی و اقتصادی استحکام کے موجودہ مثبت رجحان کے نتیجے میں معاشی سرگرمیاں مزید بڑھیں گی اور روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے جس سے بھرپور استفادے کیلئے ہنر مند اور باصلاحیت افرادی قوت کی ضرورت ہو گی اور حکومت پاکستان افرادی قوت کو بین الاقوامی معیار پر لانے کے لئے ملک کے نوجوانوں کے لئے تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ کے لئے  متعدد منصوبے شروع کرچکی ہے۔