بہاولپور، سی ٹی ڈی کیساتھ فائرنگ کا تبادلہ، زیر حراست کالعدم ٹی ٹی پی کے 2 دہشتگرد ہلاک


بہاولپور(صباح نیوز)بہاولپورمیں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں زیرحراست کالعدم ٹی ٹی پی کے 2 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد عدیل عرف سیف اللہ خراسانی اور زین عرف اسد اللہ خراسانی کو چند دن پہلے حاصل پور سے گرفتار کیا گیا تھا۔

حکام کے مطابق دونوں دہشتگردوں کو بہاولپور  میں اسلحے کی نشاندہی کیلئے لے جایا جا رہا تھا کہ ان کے ساتھیوں نے گھات لگا کر فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے سے دونوں زیر حراست دہشت گرد مارے گئے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں ، دہشتگردوں نے چار رکنی نیٹ ورک تشکیل دے رکھا تھا ۔