پی ٹی آئی چھوڑی نہیں، چھوڑ کر جانے والے واپس آ جاتے ہیں،فواد چوہدری


راولپنڈی (صباح نیوز)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چھوڑی نہیں، چھوڑ کر جانے والے واپس آ جاتے ہیں،پی ٹی آئی اور مولانا اکٹھے ہو گئے تو حکومت 3، 4ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی۔

راولپنڈی میں فواد چوہدر ی انسدادِ دہشت گردی عدالت پہنچے۔اس موقع پر فواد چوہدری نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب دوستوں سے مل کر بڑی خوشی ہوئی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ تلخیاں کم ہوں، اللہ آسانیاں پیدا کرے، اللہ کرے ہم ایک نارمل صورتحال کی جانب بڑھیں ، ہم سارے 9مئی کے کیسز کے سلسلے میں عدالت آئے ہیں، ہم مشکل صورتِ حال سے گزر رہے ہیں ، ہماری کہانی ابھی آئی نہیں، کہانی ان کی آئی جو ٹی وی پر بات کر سکتے ہیں، ہماری باری آئے گی تو ہم اپنی کہانی سنائیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوئی ساکھ نہیں، فارم 47پر کھڑی ہے، اس وقت مولانا اور صوبہ خیبر پختونخوا ایک طرف کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے مولانا صاحب نے فیصلہ کر لیا کہ یہ حکومت ہٹے گی، پی ٹی آئی اور مولانا اکٹھے ہو گئے تو یہ حکومت 3، 4 ماہ سے زیادہ نہیں چلے گی۔