کراچی(صباح نیوز)الخدمت کراچی آرفن کیئر پروگرام کے تحت ضلع قائدین اور سینٹرل کلیسٹرکے تحت باہمت بچوں کیلئے مقامی بینکوئٹ میں عید ملن تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔تقریب کے دوران بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ مہمان خصوصی ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی تھے ۔
تقریب سے ڈائریکٹر آرفن کیئرپروگرام یوسف محی الدین اور دیگر ذمہ داران نے خطاب کیا ۔اس موقع پر بچوں کی تفریح کیلئے میجک شو کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ،جبکہ جوکر نے بھی بچوں کو محظوظ کیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایگز یکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے کہا کہ تعلیم موجودہ دور کی اہم ترین ضرورت ہے ،یہی ترقی کا ذریعہ ہے ۔الخدمت اسی لیے آپ بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ رمضان او ر عید الفطر اللہ کا انعام ہے ۔رمضان تربیت کا مہینہ تھا کہ سارا سال اسی طرح گزاراجائے ۔دنیا میں قرآن پاک سے بڑا معجزہ کوئی نہیں ۔اللہ نے نبی مہربان محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے نسل انسانی تک اپنا پیغام پہنچایا۔قرآن کریم کا پیغام رہتی دنیا تک کے انسانوں کیلئے ہے ۔راشد قریشی نے کہا کہ آپ ہر میدان میں کامیابی چاہتے ہیں تو اپنی زندگی سے جھوٹ کو نکال دیں ۔جھوٹ تمام برائیوں کی جڑ ہے ۔قرآن پاک کا مطالعہ کیا جائے اور اسے روز کا معمول بنایا جائے ،قرآن کریم کو سمجھ کر ترجمے کے ساتھ پڑھا جائے ۔
عید ملن تقریب میں خطاب کر تے ہوئے یوسف محی الدین نے کہا کہ آپ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں ۔ہم آپ کی اچھی تعلیم وتربیت چاہتے ہیں ۔اس کیلئے الخدمت آپ کیلئے ایسے پروگرامز کا اہتمام کر تی ہے ،جس سے آپ معلومات اور علم میں اضافہ ہو اور آپ اچھے انسان بنیں ۔انہوں نے باہمت بچوں کی ماو ں سے کہا کہ آپ قابل قدر ہیں کہ آپ ان بچوں بہتر انداز میں تربیت کر رہی ہیں ۔