راولپنڈی (صباح نیوز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ترکیہ کی بری افواج کے کمانڈر جنرل سیلجوک بیرکتار اوغلو نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ترکیہ کی بری افواج کے کمانڈر جنرل سیلجوک بیرکتار اوغلو نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف اور ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلق پر مبنی دیرینہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دونوں مسلح افواج کے درمیان موجودہ فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر نے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر نے یاد گار شہدا پر حاضری دی اور پھول رکھے جبکہ پاک فوج کے چاق اور چوبند دستے نے ترک مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔