نارووال، انٹر میڈیٹ امتحانات،طلبا کو آگاہ کئے بغیر امتحانی مرکز تبدیل


نارووال (صباح نیوز)نارووال میں انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات جاری ہیں، طلبا کو آگاہ کئے بغیر ہی امتحانی مرکز تبدیل کردیاگیا،

طلبا امتحانی سینٹر کی تلاش میں خوار ہوگئے، والدین شدید پریشان اور وزیر تعلیم پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ایف اے، ایف ایس کے امتحانات جاری ہیں،بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سکینڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ کی جانب سے سرحدی گاؤں سکھوچک میں امتحانی مرکز بنایا گیا،طلبہ و طالبات امتحان دینے کے لئے پہنچے تو امتحانی مرکز 5 کلو میٹر دور تبدیل کر دیا گیا جس کے بعد سینکڑوں طلبہ و طالبات امتحانی مرکز کی تلاش میں در بدر ہوتے رہے، والدین کو امتحانی مرکز کے باہر سراپا احتجاج کرنے لگے جبکہ وزیر تعلیم پنجاب سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کردیا۔

والدین نے کہا کہ پاکستان بننے سے قبل اس تاریخی سکول میں طلبہ و طالبات امتحان دیتے رہے ہیں،پرائیویٹ سکول مافیا کو خوش کرنے کے لئے اچانک سے امتحانی مرکز کو تبدیل کیا گیا۔ والدین نے کہا کہ چیئرمین بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کو درخواست دے دی ہے، فوری طور پر امتحانی مرکز کو بحال کیا جائے تاکہ طلبہ و طالبات کو امتحان دینے میں آسانی ہو۔