اربوں روپے کی کرپشن کرنے والے محکمہ خوراک،پاسکو اہلکاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔کاشف سعید شیخ


کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ نے صوبے میں گندم کے باردانے کی غیرمنصفانہ تقسیم کی مذمت ،عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ باردانے کی خریداری میں کرپشن اور حقیقی حقدارکسانوں کو محروم کرنے والوں کیخلاف سخت کاروائی کرکے متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔

جماعت اسلامی سندھ  کے قائم مقام امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ حکومتی عدم توجہ اور کرپشن کی وجہ سے سندھ کا زرعی شعبہ پہلے ہی تباہی کے کنارے پہنچ چکا اور کسان پریشان ہیں، دوسرے صوبوں زرعی کھاد، ادویات اور بیج سستے داموں کسانوں کو میسر ہیں لیکن یہاں پر کسانوں کا کوئی پرسان حال نہیں کھاد،ادویات اور زرعی بیج کے ڈیلرز کی سندھ حکومت کے اہلکاروں سے ملی بھگت کی وجہ سے کسان مہنگے داموں زرعی اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ جعلی ادویات اور کھاد کی وجہ سے فصلیں تباہ ہورہی ہیں اوپر سے نہری پانی کی کمی نے رہی سہی کسر پوری کردی ہے۔ اس وقت جب سندھ اور پنجاب میں گندم کی بمپر فصل مارکیٹ میں آئی ہے تو اصل کسان باردانے کیلئے دھکے کھانے پر مجبور ہیں اور سرکاری باردانہ بیوپاریوں، بااثر وڈیروں کو مل رہا ہے  جبکہ بار بار احتجاج کے باوجود کسانوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومت تیار نہیں،محکمہ خوراک میں بااثر کرپٹ افسران نے کرپشن کے تمام رکارڈ توڑدیئے سندھ  کے ہر شعبے میں عملی طور پر  ڈاکو راج نافذ ہے ہر کسی کو کرپشن کی دولت سے اپنا حصہ مل رہا ہے اور کسان وزمیندار رل گیا ہے۔ گندم کی فصل پر فی ایکڑ لاگت کا خرچہ بھی کسان کو نہیں مل رہا اوپر سے باردانے سے محروم کرنا زراعت دشمنی کا کھلا ثبوت ہے۔

جماعت اسلامی سندھ کے قائم مقام امیر نے پرزور مطالبہ کیا کہ محکمہ خوراک میں ڈاکو راج کا خاتمہ کرکیگندم کا باردانہ مستحق کسانوں میں تقسیم کیا جائے۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی زیر نگرانی اعلیٰ سطحی کمیشن بناکر ہر سال اربوں روپے کی کرپشن کرنے والے افسران،پاسکو اہلکاروں اور حکومتی ذمہ داروں کو قانون کے کٹھڑے میں لاکر ان سے قومی خزانے کو نقصان اور کسانوں آبادگاروں کا استحصال کرنے کا حساب لیا جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسا عمل کرنے کی جرت نہ ہوسکے۔کسانوں کو اتنا تنگ نہ کیا جائے کہ وہ آئندہ سال گندم کی فصل لگانے سے انکار کردیں اور پوری قوم ایک بار پھر آٹے کیلئے لائنوں میں لگ کر خوار اور روٹی سے بھی محروم ہوجائے۔