چین میں طوفانی بگولوں کے باعث 5 افراد ہلاک، 33 زخمی


بیجنگ(صباح نیوز) جنوبی چین کے شہر گوانگزو میں طوفانی بگولے کے باعث کم از کم 5 افراد ہلاک جبکہ 33 زخمی ہو گئے ہیںجبکہ گوانگ ڈونگ صوبہ میں بڑے پیمانے پر سیلاب سے ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد کو نقل مکانی کرنی پڑی۔

چینی حکام کا کہنا ہے کہ طوفان سے فیکٹری کی 141 عمارتوں کو نقصان پہنچا لیکن کوئی بھی رہائشی عمارت منہدم نہیں ہوئی۔ ہانگ کانگ سے تقریبا 80 میل دور واقع گوانگزو شہر گوانگ ڈونگ صوبے کا دارالحکومت ہے۔  لیانگٹیان گاؤں کے ایک موسمی اسٹیشن نے 20.6 میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے ہوا ریکارڈ کی۔ یہ طوفان کئی دنوں کی شدید بارشوں کے بعد آیا جس نے جنوبی چین کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، چین میں لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے کیونکہ امدادی کارکنوں کو بڑھتے ہوئے پانی کی وجہ سے پھنسے ہوئے رہائشیوں کو نکالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سرکاری میڈیا نے مقامی حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ گوانگ ڈونگ صوبہ میں بڑے پیمانے پر سیلاب آیا جس کی وجہ سے ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد کو نقل مکانی کرنی پڑی۔ اس ہفتے کے شروع میں سرکاری میڈیا نے اطلاع دی تھی کہ گوانگ ڈونگ میں سیلاب سے کم از کم 4 افراد ہلاک ہو گئے۔