انتہا پسند ہندووں نے راجستھان کی مسجد میں گھس کر امام کو قتل کر دیا


نئی دہلی: انتہا پسند ہندووں نے  راجستھان  میں  ایک مسجد میں گھس کر امام کو قتل کر دیاراجستھان کے  اجمیر کے رام گنج تھانہ علاقے میں واقع محمدی مدینہ مسجد میں تین افراد نقاب پہن کر  ہفتے کی  صبح داخل ہوئے اور امام مولانا محمد ماہر کو لاٹھیوں سے پیٹ پیٹ کر شہید کر دیا۔ واقعہ کے وقت مولانا کے ساتھ پانچ چھ بچے بھی موجود تھے جنہیں حملہ آوروں نے ڈرا دھمکا کر وہاں سے باہر کردیا۔

پولیس نے مولانامحمد ماہر کی لاش کو جواہر لعل نہرو اسپتال کے مردہ خانہ میں رکھوادیا ہے۔محمد ماہر (52) جو اتر پردیش کے رام پور کے رہنے والے ہیں گزشتہ سات سال سے یہاں درس و تدریس کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ گزشتہ سال اکتوبر میں مسجد کے امام کی وفات کے بعد مولانامحمد ماہر امامت کی ذمہ داری بھی ادا کر رہے تھے۔ مولانا کا خاندان رام پور میں رہتا تھا۔ مسجد کے سربراہ مولانا ذاکر حسین کی 28 اکتوبر کو علالت کے باعث انتقال ہونے کے بعد محمد ماہر کو 6 ماہ قبل سربراہ مولانا کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔