لاہور (صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے خواجہ سراؤں کو پولیس میں بھرتی کرنے کے حوالہ سے دائر درخواست پر تحریری حکم جاری کردیا۔عدالت نے مختلف محکموں میں خواجہ سراؤں کی بھرتی سے متعلق رپورٹ طلب کر لی ہے۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ ڈی آئی جی لیگل کے مطابق پولیس میں تاحال کوئی خواجہ سرا بھرتی نہیں ہے۔ عدالت نے ڈی آئی جی لیگل کو ہدایت کی ہے کہ پولیس میں بھرتی کے حوالہ سے خواجہ سراؤں کی کتنی درخواستیں موصول ہوئی ہیں اس حوالہ سے رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کی جائے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سیکرٹری سوشل ویلفیئر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔
خواجہ سرا آصف جان کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میںکہا گیا تھا کہ پولیس کی جانب خواجہ سراؤں کو پولیس میں بھرتی نہیں کیاجارہا ۔جسٹس شجاعت علی خان نے آصف جان کی درخواست پر دوصفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کیا ہے۔