ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی مزار قائد پر حاضری،مزار پرفاتحہ خوانی کی، مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلم بند کیے

کراچی ا(صباح نیوز)اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی لاہور کا دورہ مکمل کرنے کے بعد کراچی پہنچے، جہاں انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی، معزز مہمان کو وزیراعلی ہاوس میں جامعہ کراچی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے بھی نوازا گیا۔اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رائیسی خصوصی طیارے کے ذریعے شام 5 بج کر 28 منٹ پر لاہور سے کراچی پہنچے، طیارے نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ایئرپورٹ پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے معزز مہمان کا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر آصفہ بھٹو، عذرا پیچوہو، شرجیل میمن اور دیگر کابینہ ارکان بھی موجود تھے۔

ایئرپورٹ سے ایرانی صدرابراہیم رئیسی گورنرہاوس پہنچ گئے، جہاں ان کی گورنرسندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر ہاوس سے ایرانی صدر قائدِ اعظم محمد علی جناح کے مزار پہنچے اور حاضری دی، انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، صدر ابراہیم رئیسی نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلم بند کیے۔اس موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنرسندھ کامران ٹیسوری بھی ہمراہ تھے جبکہ سندھ کابینہ کے ارکان بھی مزار قائد پر موجود تھے۔

بعدازاں ایرانی صدرابراہیم رئیسی وزیراعلی ہاوس پہنچے، وزیراعلی ہاوس میں معزز مہمانوں کے اعزاز میں تقریب سجائی گئی، ایرانی صدر کی اہلیہ نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔چانسلر جامعہ کراچی کامران ٹیسوری نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا۔ایرانی صدر نے سینیٹرز، ارکان اسمبلی، علما مشائخ اور تاجربرادری سے ملاقات بھی کی۔ایرانی صدر منگل اور بدھ کی درمیانی شب کراچی میں قیام کریں گے، بدھ کی صبح ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کراچی سے روانہ ہوجائیں گے۔