نوازشریف کی واپسی سے باہرنکلیں، عوامی ایشوز کے حل پر توجہ دیں، چودھری شجاعت


لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ (ق )کے صدر چودھری شجاعت حسین نے حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا نوازشریف کی واپسی سے باہرنکلیں اور عوامی ایشوز کے حل پر توجہ دیں۔

اپنے جاری بیان میں چو دھری شجاعت نے کہا جتنے پیسوں کا الزام نوازشریف پر ہے اس سے زیادہ تو ان کے کیسوں پرخرچ کر دیئے گئے، چاہے کچھ بھی کر لیں نوازشریف واپس نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر ان کی پارٹی اور ورکر کہیں تو علیحدہ بات ہے، وہ لوگ جو خود وزیراعظم کے امیدوار ہیں وہ نوازشریف کی واپسی کا کہیں تو یہ نہایت مضحکہ خیز بات ہے۔

صدر مسلم لیگ ق نے کہا یہ سال کام کرنے کا ہے لیکن اگر ایسے کاموں میں ہی لگے رہے تو پھر ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔ کوئی بھی پارٹی یا لیڈر مہنگائی کے خاتمے کیلئے پارلیمنٹ میں مثبت پلان دے تو اپنے ارکان کو کہوں گا کہ ان کی بات سنیں۔

ان کا کہنا تھا کہ واپسی کیلئے گارنٹی کی بات کرتے ہیں یاد رکھیں، زندگی موت کی کوئی گارنٹی نہیں دے سکتا۔ اس کا اختیار صرف اللہ تعالی کے پاس ہے۔ آج کل لیڈر ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے پر لگے ہیں، جس کا عنقریب وہ انجام خود دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی مہنگائی کا شور تو ہر طرف ہے لیکن اس کے خاتمے کیلئے کوئی تجویز نہیں دیتا