جماعت اسلامی سندھ کا خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں سے قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے نقصان پر اظہار افسوس


کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے خیبرپختونخوا میں کئی روز سے جاری طوفانی بارشوں میں 60سے زائد قیمتی انسانی جانوں واملاک کے نقصان پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے جنگی بنیادوں پر اقدامات کرکے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل، متاثرین کو سہولیات اور مالی امداد کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ بارش اللہ کی رحمت ہوتی ہے مگر انسانی غفلت اور حکومتی کوتاہی کی وجہ سے یہ انسانوں کیلئے زحمت بن جاتی ہے، سندھ کے عوام اس قدرتی آفت اور حکمرانوں کی سنگدلی سے گذرچکے ہیں، سیلاب وبارشوں کو 02سال گذرجانے کے باوجود آج بھی سیلاب زدگان بے گھر اور حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔ صوبائی رہنماء نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت،درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔