جسٹس اشتیاق ابراہیم نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا


پشاور (صباح نیوز)جسٹس اشتیاق ابراہیم نے بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اپنے عہدہ کا حلف اٹھا لیا۔حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوئی، گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے نئے تعینات ہونے والے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اشتیاق ابراہیم سے حلف لیا

تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور بھی شریک ہوئے۔سپریم کورٹ کی جج جسٹس مسرت ہلالی، پشاور ہائیکورٹ کے ججز، وکلا، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری ، آئی جی پولیس اختر حیات خان ، سیکرٹری ایڈمنسٹریشن سمیت دیگر محکموں کے انتظامی سربراہان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔تقریب میں سیکرٹری قانون نے جسٹس اشتیاق ابراہیم کی بطور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ تقرری کا صدارتی اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔

حلف اٹھانے کے بعد گورنر حاجی غلام علی نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم کو نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔یاد رہے کہ صدر آصف زرداری نے جسٹس اشتیاق ابراہیم کی مستقل چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعیناتی کی منظوری دی تھی۔جسٹس اشتیاق ابراہیم نے 15 اپریل کو قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کا حلف اٹھایا تھا۔