خیبر پختوانخوا میں طوفانی بارشوں کے باعث مزید 7 افراد جاں بحق، 12زخمی


درگئی/دیر بالا/مردان(صباح نیوز)خیبر پختوانخوا میں طوفانی بارشوں کے باعث چھتیں گرنے اور دیگر واقعات میں چار بچوں اور خاتون سمیت مزید 7 افراد جاں بحق اور 12زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مالاکنڈکی تحصیل درگئی کے علاقے شریف آباد میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی،باپ بیٹا جاں بحق اور خاتون شدید زخمی ہو گئی۔

افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیاجب اہل خانہ سورہے تھے ، شدید بارش کے باعث کمرے کا شہتیر ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں کمرے میں موجود افراد ملبے تلے دب گئے۔مقامی لوگوں اورریسکیواہلکاروں نے امدادی کاروائیاں شروع کیں مگرشدید بارش کے سبب انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا طویل جدوجہد کے بعد لاشوں اور زخمی کو نکال کر ہسپتا ل منتقل کردیا گیا ۔ادھر سوات اور دیر کے درمیان واقع علاقہ قادر کنڈو کے مقام پر طوفانی بارش سے دو بچے جاں بحق اور 8 افراد بے ہوش ہو گئے۔

دیربالا کے علاقہ نہاگدرہ سے دس افراد پیدل سوات جارہے تھے کہ راستے میں طوفانی بارش میں پھنس گئے۔ نہاگدرہ سیڑی کے عوام نے بے ہوش افراد کو واڑی  ہسپتال منتقل کیا۔ جاں بحق بچوں کی شناخت جویریہ اور آرزو کے ناموں سے ہوئی ہیں۔ادھر مردان کے علاقہ سوکئی میں حالیہ بارشوں سے خستہ حال ہونے والی مکان کی چھت گر گئی۔ جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور دو بچیاں جاں بحق ہوگئی، جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔ چھت گرنے سے جمشید نامی شخص کی اہلیہ اور دو بیٹاں جان سے گئیں۔ جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ واقعے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔