راولپنڈی (صباح نیوز)پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ترکیہ کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل متین گورک نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی و آرمی چیف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ،ان ملاقاتوں میں باہمی اور پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور سمیت، دفاعی تعاون، فوجی تربیت اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ،
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ترکیہ کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل متین گورک نے جنرل ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں ملاقات کی ہے۔ملاقا ت میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے سربراہان نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا، آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دفاعی، تربیت اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ممالک کی مسلح افواج کے سربراہان نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے فوجی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر ترکیہ کی مسلح افواج کے سربراہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کے ساتھ ساتھ دہشت گردی سے نمٹنے میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو پہنچنے پر ترک فوج کے چیف آف دی جنرل اسٹاف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔قبل ازیں ترکیہ کمانڈر نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے بھی ملاقات کی اور اس موقع پر دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔