کراچی (صباح نیوز)وفاقی وزارت داخلہ نے سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیاکہ راولپنڈی میں اہم شخصیات سمیت فوجی تنصیبات بھی دہشتگردوں کے نشانے پر ہیں، اڈیالہ جیل پر دہشتگردوں کے حملے کا خدشہ ہیں۔
سندھ ہائیکورٹ میں اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو سکیورٹی فراہمی کیس میں وفاقی وزارت داخلہ نے ا پنی رپورٹ میں کہا کہ انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق دہشتگردوں کا پہلا ٹارگٹ راولپنڈی ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ دہشتگردی دشمن ممالک کی ایجنسیاں اورکالعدم گروپس کامنصوبہ ہے، دشمن عناصر ملک میں سیاسی افراتفری اور انارکی پھیلنا چاہتے ہیں
یاد رہے کہ 12 مارچ کو اڈیالہ جیل کو دہشتگردوں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے خدشے پر بانی پاکستان تحریک انصاف سمیت تمام قیدیوں سے ملاقاتوں پر 2 ہفتے کے لیے پابندی عائد کردی گئی تھی۔یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے علاوہ رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی بھی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔