خیبرپختونخوا میں گلیشیئرز پگھلنے سے 9 اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ،الرٹ جاری


 پشاور(صباح نیوز)خیبرپختونخوا میں گلیشیئرز پگھلنے سے 9 اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے خدشے کے پیش نظرالرٹ جاری کر دیا گیا۔خیبرپختونخوا میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری بارشوں کا سلسلہ تھم گیا لیکن محکمہ موسمیات نے بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 23 سے 29 اپریل تک ایک اور برساتی سسٹم پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔چترال، سوات، مانسہرہ، کرم، اپر اور لوئر دیر، کوہستان میں بارشوں سے سیلاب آ سکتا ہے۔پی ڈی ایم اے نے صوبے کے 9 اضلاع میں گلیشیئر پگھلنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا الرٹ جاری کیا ہے اور متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو کسی بھی بڑے حادثے سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات اٹھانے، فیلڈ سٹاف کو صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ پی ڈی ایم اے نے وارننگ جاری کر دی کہ پیشگی حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو سیلابی صورتحال سے بھاری جانی و مالی نقصان ہوسکتا ہے۔ نشیبی علاقوں کی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی۔پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع کنٹرول روم نمبر1700 پر دے سکتے ہیں۔