راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کالعدم قرار دینے کے فیصلے کیخلاف اپیل ابتدائی سماعت کیلئے منظور


اسلام آباد(صباح نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے لاہور کے راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کالعدم قرار دینے کے فیصلے کیخلاف پنجاب حکومت کی اپیل ابتدائی سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے رجسٹرار کو ہدایت کی ہے کہ اپیل کو نمبر لگایا جائے ۔

جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی پراجیکٹ کالعدم قرار دینے کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف پنجاب حکومت کی جانب سے دائر اپیل پر سماعت کی ۔

دوران سماعت جسٹس اعجازلاحسن نے ریمارکس دیئے کہ لاہور ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ ہمارے سامنے نہیں آیا،عدالت عالیہ کے تفصیلی فیصلے کے بعد ہی اپیل سن سکتے ہیں،لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل پر نمبر بھی نہیں لگا ہوا۔

عدالت عظمی نے رجسٹرار آفس کو مذکورہ  اپیل پر نمبر لگانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت آئندہ پیر تک ملتوی کردی ۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کالعدم قرار دینے کا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔