وزیراعظم سے چئیرمین شنگھائی الیکڑک گروپ وو لی کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چئیرمین شنگھائی الیکڑک گروپ وو لی کی سربراہی میں شنگھائی الیکڑک گروپ کے وفد کی  اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیراعظم کو پاکستان میں شنگھائی الیکڑک گروپ کی زیر سرپرستی چلائے جانے والے مختلف منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور معاشی اشتراک کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے بلند ہے۔ ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں اور ان کے ملازمین کے لیے سیکیورٹی کی فراہمی میں کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔وزیراعظم نے شنگھائی الیکڑک گروپ کو ملک میں درآمد شدہ کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے اور کوئلے کی کان کنی کے منصوبوں کو مزید وسعت دینے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ منصوبوں کو مزید وسعت دینے کے لیے حکومت پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔

ملاقات میں وفد نے وزیراعظم کو مختلف منصوبوں کی اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔ شینگھائی الیکٹرک گروپ پاکستان میں تھر کول مائن ڈویلپمنٹ اور 1320 میگاواٹ کے کوئلے سے توانائی پیدا کرنے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ اس دوران بتایا گیا کہ شینگھائی الیکٹرک گروپ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت پاکستان میں کام کرنے والی چین کی بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے، اور پاکستان میں شینگھائی الیکٹرک گروپ کے منصوبوں کے ذریعے سالانہ 400 میلین ڈالر کے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو رہی ہے۔

ملاقات میں تھر کول بلاک 1 پاور جنریشن کمپنی کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مینگ ڈونگہائی (Mr. Meng Donghai)، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور آحد خان چیمہ، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد لغاری، وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ محمد جہانزیب خان اور متعلقہ اداروں کے اعلی افسران شریک تھے۔