اسرائیلی فوج کی کھیلتے بچوں، پناہ گزین کیمپوں اور پولیس کی گاڑی پر بمباری،7 اہلکاروں سمیت 74فلسطینی شہید


غزہ(صباح نیوز) غزہ میں پناہ گزین کیمپوں، پلے گراؤنڈ میں کھیلتے بچوں اور پولیس کی گاڑی پر اسرائیل کے حملوں میں 7 اہلکاروں ، بچوں اور خواتین سمیت 74فلسطینی شہید اوردرجنوں زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی فوج نے جبالیہ، نصیرت کیمپوں اور رفح پر بھی بمباری کی جس میں مزید 56 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔اسرائیلی طیاروں نے غزہ میں مغازی کیمپ اور رفح میں رہائشی علاقوں پر بمباری کرکے مزید 18 فلسطینی شہید کردئیے ۔ اسرائیلی فوج نے مغازی کیمپ میں پلے گراؤنڈ میں کھیلتے بچوں پر حملہ کردیا جبکہ اسرائیلی جیٹ نے رفح میں بھی گھر کو نشانہ بنایا جہاں 4 بچوں سمیت سات فلسطینیوں نے جام شہادت نوش کیا۔

اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں پولیس کی گاڑی پر بھی حملہ کیا جس کے نتیجے میں پولیس کے 7 اہلکاروں سمیت 9 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ کے علاقے خان یونس کے ایک اسکول سے ایک ہزار پانڈ وزنی بم برآمد اور گولہ بارود بھی برآمد ہوئے ہیں۔ دوسری جانب شمالی اسرائیل میں حزب اللہ کے ڈرون حملوں میں 3 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے جس کے جواب میں اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے قصبے عین بعال پر ڈرون حملے میں حزب اللہ کے مقامی کمانڈر کو شہید کردیا۔

بچوں کیلئے اقوام متحدہ کی تنظیم یونیسیف کا کہنا ہے کہ غزہ میں ہر 10 منٹ میں ایک بچہ جاں بحق یا زخمی ہو رہا ہے، غزہ کے بچوں کے چہرے مسلسل جنگ کی خوفناک تصویر کی عکاسی کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں معذوری اور موت سے بچانے کا واحد راستہ پائیدار جنگ بندی ہے۔