لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے عمران خان اور اور اس کے وزیروں ، مشیروں کی مصنوعی ایمانداری کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، 90دن میں کرپشن ختم کرنے کی دعویدار عمران خان کے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں پاکستان، کرپشن کی رینکنگ میں 24درجے کی ترقی کرگیا ہے۔
المیہ یہ ہے کہ وزیر اعظم ان کی ٹیم اپنی نا اہلی اور ناکامی کا اعتراف کرنے کی بجائے عجیب و غریب تاویلیں قوم کے سامنے پیش کررہے ہیں۔ موجودہ حکمرانوں نے ڈھٹائی اور بے حسی میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ نے پی ٹی آئی کا کرپشن کا بیانیہ دفن کردیا ہے۔ قانون کی حکمرانی اور کرپشن فری پاکستان کے لیے اسلامی ، انقلابی اور دیانتدار قیادت ہی واحد حل ہے جو کہ صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی فراہم کرسکتی ہے۔ سپریم کورٹ جیسے ادارے نے بھی جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کو صادق و امین قرار دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن، لوٹ مار، اداروں کی تباہی کے حوالے سے پی ٹی آئی ، نون لیگ اور پیپلز پارٹی میں چہروں اور ناموں کے سوا کچھ فرق نہیں۔ یہ وہی چلے ہوئے کارتوس ہیں جنہیں عوام بار بار منتخب کرچکے ہیں ۔ یہ لوگ ہر الیکشن میں صرف پارٹیاں بدلتے ہیںکرپشن کی داستانیں وہی رہتی ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اسلامی ، خوشحال اور کرپشن فری پاکستان ،جماعت اسلامی کی منزل ہے۔ آئندہ انتخابات میں قوم ترازو کے نشان پر ٹھپہ لگا کر اعتماد کر اظہار کریں۔ جماعت اسلامی ملک و قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔