خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد32ہو گئی ،41 زخمی ہوئے


پشاور(صباح نیوز)خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 32 تک پہنچ گئی اور 41 زخمی ہو ئے ۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے تیزبارشوں کے باعث خیبر پختونخوا میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔

پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 15 بچے، 12 مرد اور 5 خواتین جبکہ زخمیوں میں 6 خواتین، 28 مرد اور 7 بچے شامل ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ دیواریں اور چھتیں گرنے سے صوبے میں مجموعی طور 1370 مکانات کو نقصان پہنچا، جس میں 160گھروں کو مکمل جبکہ 1210 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بارشوں سے خیبر، اپر اور لوئر دیر، چترال، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مہمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام، بنوں، شمالی اور جنوبی وزیرستان، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان میں نقصانات ہوئے ۔پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر 12 متاثرہ اضلاع میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی مالی امداد کے لیے 5 کروڑ روپے جاری کئے گئے ۔