اسلام آباد (صباح نیوز) آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں ایندھن کی سپلائی بند کردی۔
آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں بھی معطل رہے گی جبکہ ہوائی اڈوں کی پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بھی بند کردی گئی ہے۔ایسوسی ایشن نے بتایا کہ پی ایس او حکام نے پیٹرول بھرائی کا نیا آٹومیشن نظام متعارف کرایا ہے، پی ایس او حکام اور ڈی سی اسلام آباد کو تحفظات سے آگاہ کیا ہے، میٹرائزڈ سسٹم کے تحت بھرائی کے مطالبے کو پورا کیا جائے۔
اس حوالے سے چیئرمین آل پاکستان آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن میر شمس شاہوانی نے کہا ہے کہ نازک صورتحال میں ملک و قوم اور حکومت کے ساتھ ہیں، تمام ڈپوز کو سپلائی جاری رکھنے کا کہا ہے۔ میر شمس شاہوانی نے مطالبہ کیا کہ بلیک میلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور مقدمہ درج کیاجائے۔ دوسری جانب ترجمان پی ایس او کے مطابق گلگت بلتستان اور اسلام آبادسمیت ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری ہے، پی ایس او کے سپلائی آپریشنز معمول کے مطابق فعال ہیں، فیول سپلائی کے تمام آرڈرز کی تکمیل کی جارہی ہے۔