صدرمملکت سے سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات ،اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کا عزم


اسلام آباد (صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ملاقات کی ،ملاقات میں اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ایوان صدر اسلام آباد میں سعودی وزیر خارجہ نے وفد کے ہمراہ صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب نے مضبوط شراکت داری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور دہائیوں پرانے تعلقات ہیں، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔اسلامی دنیا کی خوشحالی سعودی عرب کی ترقی سے وابستہ ہے، سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ موجودہ تعلقات کو طویل المدتی تزویراتی اور اقتصادی شراکت داری میں بدلنا چاہتا ہے ۔صدر مملکت نے خادمین حرمین شریفین کیلئے نیک خواہشات  کا بھی اظہار کیا۔اس موقع پر فریقین نے علاقائی صورتحال، مشرق وسطیٰ میں حالیہ پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا، دونوں ممالک نے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور غزہ میں اسرائیلی مظالم بند کرنے پر زور دیا۔

سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو بھی سراہا۔