خیبرپختونخوا میں بارش،سیلاب سے 8افراد جاں بحق ،12زخمی ہوئے ،پی ڈی ایم اے


سوات ،چترال ،مانسہرہ (صباح نیوز)خیبرپختونخوا کے شمال میں شدید بارش اور اسکے نتیجے میں سیلاب اور لینڈسلائڈنگ سے 8 افراد جاں بحق اور 12 سے زائد دیگر زخمی ہو گئے جبکہ ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں ایک خاتون، 4 بچے اور 3 مرد شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق دیواریں اور چھتیں گرنے سے 15گھر مکمل تباہ ہو گئے جبکہ 70 کو جزوی نقصان پہنچا۔ لوئر دیئر کے علاقے لقمان بانا میں چھت گرنے سے جاں بحق افراد میں ایک ہی خاندان کے 2 بچوں سمیت 4 افراد شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سوات میں گھر منہدم ہونے سے 40 جانور ہلاک ہوگئے، البتہ واقعہ میں کسی انسانی جانب کا ضیاع رپورٹ نہیں ہوا۔بارش سے متعلقہ حادثات اپر اور لوئر دیر، چترال لوئر، مالاکنڈ، سوات، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ، شانگلہ اور مالاکنڈ میں ہوئے۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع کے متاثرین میں امدادی سامان فراہم کر دیا گیا اور لوئر چترال کے متاثرین کے لئے اتھارٹی کے ویئر ہاؤس سے 200 خیمے روانہ کئے گئے ۔سوات، کالام اور کمراٹ کی طرف گامزن سیاح لینڈسلا ئیڈنگ کے بعد کالام روڈ بند ہونے کی وجہ سے مختلف مقامات پر پھنس گئے

پی ڈی ایم اے نے کہا کہ چترال میں کئی بند شاہراہوں کو عام ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا اور دیگر بند سٹرکوں کو فوری ٹریفک کے لئے بحال کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہیں۔

اتھارٹی کے مطابق وہ ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اور امدادی اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے ،پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، اور عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کی اطلاع 1700 پر دیں۔