کراچی میں طوفانی بارشوں کے بعد گلشن اقبال ٹاؤن میں رین ایمرجنسی نافذ.

 کراچی (صباح نیوم)کراچی میں اتوار کو شدید بارش کے بعد  چیئرمین  گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد کی ہدایت پر ٹاؤن میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی وائس چیرمین گلشن ٹاؤن ابراہیم صدیقی سمیت مختلف یونین کمیٹیوں کے چیئرمین وائس چیئرمین کونسلرز اور ٹاؤن کے افسران دن بھر سڑکوں پر موجود رہے ۔ اور نکاسی آب کے کام کی نگرانی کرتے رہے ۔ یونیورسٹی روڈ اور شبیر عثمانی روڈ سمیت دیگر ملحقہ شاہراہوں پر گلشن اقبال ٹاؤن کا عملہ موجود رہا مشینوں پمپس اور جنریٹرز کی مدد سے بارش کے پانی کی نکاسی ممکن بنائی گئی ۔

وائس چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن  ابراہیم صدیقی نے رین ایمرجنسی پر مامور افسران اور اسٹاف سے ملاقات  کی ،نیپا چورنگی اور یونیورسٹی روڈ کا دورہ کیا انتظامات کا جائزہ لیا اور عملے کی تعریف کی انہوں نے بتایا کہ اسٹاف اور مشینری عوام کی خدمت کے لیے موجود رہی ۔ماجد علی خان چیرمین یوسی 3،ملک امتیاز،راشد فیاض،گلفام چنہ ،راو شمشاد اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے مختلف شاہراہوں پر پانی کی فوری نکاسی ممکن بنانے اور ٹریفک کی روانی بحال رکھنے پر ٹاؤن کے عملے اور منتخب نمائندوں کو سراہا ہے۔