لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن بیان بازی ،پروپیگنڈے کی ماہر ہے،عوام کے مسترد شدہ عناصر کے ہاتھ پہلے کچھ آیا، نہ ہی آئندہ آئے گا۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ ہمیں اپوزیشن بھی وہ ملی جو صرف بیان بازی اور پروپیگنڈے کی ماہر ہے، ان میں استعفے دینے کی ہمت ہے، نہ ہی یہ مارچ کر سکتے ہیں، استعفے اور لانگ مارچ کی باتیں سن سن کر لوگ تنگ آچکے ہیں۔
انہوںنے کہا کہ اپوزیشن نے پہلے کورونا پر سیاست چمکائی پھر ڈینگی پر، کورونا وبا کے دوران اپوزیشن کا منفی کردار تاریخ کا حصہ بن چکا، آزمائش کی گھڑی میں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنانے والے عناصر بے نقاب ہوچکے ہیں، حکومت نے کورونا سے نمٹنے کیلئے بروقت فیصلے کیے۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب حکمتِ عملی کے باعث دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں کورونا کا پھیلائو کم ہوا، اپوزیشن جماعتوں نے منفی سیاست کر کے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا، عوام کے مسترد شدہ عناصر کے ہاتھ پہلے کچھ آیا، نہ ہی آئندہ آئے گا۔