سیہون(صباح نیوز)وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی حکومت میں ملک کو بحرانوں کی طرف دھکیلا، بانی پی ٹی آئی وہ ہیں جو اپنے لیے خود مسائل پیدا کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ اپنے والد کی برسی کے موقع پر سیہون پہنچے، انہوں نے اپنے والد کی مزار پر فاتحہ خوانی کی اور دعا مانگی۔
سیہون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں جیسی حمایت اورطاقت تھی اسے بھی انہوں نے غلط استعمال کیا۔سن رہے ہیں بانی پی ٹی آئی جلد جیل سے باہر آرہے ہیں، وہ معاملہ عدالتوں میں ہے، بانی پی ٹی آئی واحد وزیراعظم تھے جسے جمہوری طریقے سے عدم اعتماد کے ذریعے باہر نکالا گیا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی حکومت میں ملک کو بحرانوں کی طرف دھکیلا، ان کو طاقت حاصل تھی جس کا میں خود شاہد ہوں مگر انہوں نے ملک کے لئے کچھ نہیں کیا، ان کی سیاسی سوچ کا سب کو پتہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سائفر سمیت جو بھی کیس ہیں وہ خود اپنے خلاف گواہ ہیں، انہوں نے خود کہا میں نے گھڑی بیچی ہے، وہ کچھ ہفتوں میں اپنی ساری حمایت کھو چکے تھے۔وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد بھلے جلسے کرے، جلسے جلوس کرنا سب کا حق ہے، ابھی انتخابات ہوئے ہیں تو اس وقت کسی تحریک کا جائزہ نہیں بنتا۔انہوں نے کہا کہ میرے والد صاحب کی برسی ہے، قرآن خوانی میں شرکت کی ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ بارشوں کے پیش نظر میں نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے، منچھر جھیل کی بحالی کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔