کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ، کل  تک وقفے وقفے سے جاری رہے گی


 کراچی(صباح نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں اتوار کی صبح سے بوندا باندی کا آغاز ہوگیا،کل (پیر) سے تیز بارش کا امکان ہے۔ ماڑی پور، گلستان جوہر، ائیرپورٹ اور ملیر سمیت کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق شہر میں بارش 15اپریل کی صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہے گی، بارش کے بعد درجہ حرارت میں بھی کمی متوقع ہے ۔ چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق مغربی ہواؤں کا دوسرا سلسلہ 17اپریل کو داخل ہوگا، دوسرے سسٹم میں ہوائیں بلوچستان کے ساحلی علاقوں سے کراچی میں داخل ہوں گی، دوسرے اسپیل کے زیر اثر کراچی میں تیز بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 18 اور 19 اپریل کو کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، کراچی میں مطلع ابرآلود اور درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، شہر میں ہواؤں کا رخ تبدیل ہوچکا ہے اور موسم خشک ہے۔ شہر میں شمال مشرقی سمت سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہواؤں کی رفتار 20 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 49 فیصد ہے۔ اس کے علاوہ کراچی کا فضائی معیار بھی خراب ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی14ویں نمبر پر ہے۔