خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بارش ،پانی گھروں میں داخل


 پشاور(صباح نیوز)خیبر پختونخوا اور پنجاب میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا ۔

محکمہ موسمیات  کے مطابق  صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت مختلف شہروں میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، اب تک پشاور میں 9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔بارش سے ندی نالوں کا پانی سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہو گیا جس سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ اور ٹریفک متاثر ہوئی ہے۔

پشاور میں نشیبی علاقوں کے گھروں میں پانی داخل ہو گیا ۔ ریسکیو 1122 اور پی ڈی ایم اے کی طرف سے بارش سے مالی یا جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، خیبرپختونخوا میں پاراچنار شہر اور ملحقہ علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میانوالی ، بھکر،خوشاب ، فیصل آباد،گوجرہ ،جھنگ اور گردونواح میں تیز ہوائوں کے ساتھ بوندا باندی ہوئی اور ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔