اسماعیل ہنیہ کے اہل خانہ کی شہادت سے یہ ثابت ہوگیا کہ امت کے حقیقی قائدین اگلے دستے میں رہ کر رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیتے ہیں،راشد نسیم

کراچی (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے مسجد نعمان فیڈرل بی ایریا کراچی میں نماز جمعہ کا خطبہ دیا اور بعد ازاں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے صاحبزادوں، پوتوں اور دیگر فسلطینی شہدا کا غائبانہ نماز جنازہ پڑھایا۔ عوام کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راشد نسیم نے کہا کہ اہل فلسطین نے دنیا کی حکومتوں، عالمی اداروں کے چہروں سے پردہ عیاں کردیا ہے، انہوں نے ثابت کردیا ہے کہ دنیا میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے اور مظلوموں کی کہیں شنوائی نہیں ہوتی۔ دوسری جانب سب سے افسوسناک امر مسلم حکمرانوں کی ظلم پر خاموشی ہے۔

امت دہائیاں دے رہی ہے جب کہ حکمران سوئے ہوئے ہیں، وہ وقت دور نہیں جب ان حکمرانوں کو امت کی آہوں اور اللہ کے غضب کا سیلاب ان حکمرانوں کو بہا لے جائے گا۔ راشد نسیم نے اہل فلسطین اور ان کے قائدین کو قربانیوں پرسلام پیش کیا اور کہا کہ اسماعیل ہنیہ کے اہل خانہ کی شہادت سے یہ ثابت ہوگیا کہ امت کے حقیقی قائدین اگلے دستے میں رہ کر رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیتے ہیں