خیبر پختونخوا کے 3 اضلاع میں کشتی ڈوبنے اور دریاوں میں نہاتے ہوئے 18 افراد ڈوب گئے


پشاور(صباح نیوز)خیبر پختونخوا کے تین اضلاع میں کشتی ڈوبنے اور دریاوں میں نہاتے ہوئے 18افراد ڈوب گئے جن میں 12 افراد کو نکال لیا گیا جبکہ بچی سمیت 5 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔نوشہرہ کے سیاحتی مقام میں کشتی الٹ گئی جس میں 10 سے 12 تک افراد سوار تھے جن میں 7 افراد کو ریسکیو اہلکاروں نے اورباقی لوگ خود تیرتے ہوئے نکل آئے جبکہ نوشہرہ میں ایک بچی تاحال لاپتہ ہے۔

چارسدہ میں دریا خیالی میں 6 افراد نہاتے ہوئے ڈوب گئے جن میں تین افراد کو ریسکیو اہلکاروں ن زندہ نکال لیا جبکہ تین افراد کی تلاش جاری ہے۔اسی طرح سردریاب میں نوجوان نہاتے ہوئے ڈوب گیا اندھیرا ہونے کے باعث ریسکیو نے آپریشن روک دیا جبکہ کوہاٹ میں ڈیم میں نہاتے ہوئے دو افراد ڈوب گئے تاہم ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو زندہ نکال لیا۔

ریسکیو کے مطابق چارسدہ میں ڈوبنے والے افراد کی عمریں 15 سے 21 سال کے درمیان میں ہیں۔مختلف واقعات پیش آنے کے باوجود چارسدہ میں تفریحی مقام پر لوگ لائف جیکٹ اور حفاظتی اقدامات کے بغیر ہی کشتی رانی کرتے رہے۔۔