کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی کراچی کے تحت یکم شوال کو ادارہ نورحق میں روایتی عید ملن کا انعقاد ہوا جس میں مرکزی،صوبائی اور کراچی کے ذمہ داران و کارکنان نے شرکت کی۔تقریب 11بجے تا نماز ظہر تک جاری رہی۔
نومنتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کی عید الفطر اہل غزہ و فلسطین کے شہدا کے نام کرتے ہیں۔80فیصد سے زائد غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنادیا گیا ہے۔اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے کیے کوئی تیار نہیں ہے۔ہمیں اپنے حکمرانوں پر دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف اقدامات کریں۔اقوام متحدہ میں قرارداد تو پاس ہوتی ہے لیکن المیہ یہ ہے کہ اسرائیل جنگ بندی کے لیے تیار نہیں ہے۔ایسی صورتحال میں امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف اقدامات کرے۔ حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اہل غزہ و فلسطینیوں کے زخمی ہونے والوں کے لیے راستہ کھولا جائے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ رواں سال 7 ہزار سے زائد اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں ہوچکی ہیں۔ کراچی کے عوام نہ کچے اور نہ ہی پکے کے ڈاکوں سے محفوظ ہیں۔ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مسلح اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے راست اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہاکہ رمضان کا مہنیہ جہاد اور طاغوت سے لڑنے کا مہنیہ ہے۔اسی پیغام کے جذبے کے تحت پاکستان کو اس کی اصل روح کے مطابق گامزن کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اہل وطن اور امت مسلمہ کو عید الفطر کی ڈھیروں مبارکباد دی اور کہاکہ عید سعید اللہ تعالی کی جانب سے مسلمانوں کے لیے انعام ہے،رمضان المبارک کے پورے مہینے میں مسلمان اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہیں اور راتوں کو جاگ کر دعائیں کرتے ہیں۔
اس موقع پر مرکزی نائب امرا راشد نسیم، ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی، امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی، صوبائی ذمہ دار عبدا لغفار عمر، ناظم تنظیم محمد مسلم، نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، جنرل سیکرٹری منعم ظفر خان، نائب امرا برجیس احمد، ڈاکٹر واسع شاکر،عبد الوہاب،راجا عارف سلطان،مسلم پرویز،محمد اسحاق خان،سیف الدین ایڈووکیٹ،ڈپٹی سیکریٹریز کراچی نوید علی بیگ،راشد قریشی،یونس بارائی، عبد الرحمن، عبد الرزاق خان،امرا ضلع جنوبی وسابق رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید،امیر ضلع کیماڑی فضل احد حنیف،مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر سرفراز احمد، صوبائی سیکریٹری اطلاعات،مجاہد چنا،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری،بلدیہ عظمی کراچی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قاضی صدر الدین، جے آئی یوتھ کراچی کے صدر ہاشم یوسف ابدالی ودیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم محمد آبش کی قیادت میں جمعیت کے وفد نے نومنتخب امیرجماعت اسلامی پاکستان سے ملاقات کی اور عید کی مبارکباد دی۔دریں اثنا جماعت اسلامی منارٹی ونگ کراچی کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ کی زیر قیادت اقلیتی برادری کے وفد نے نومنتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن ودیگر رہنماؤں سے ادارہ نورحق میں ملاقات کی اور عید الفطر کی مبارکباد دی۔وفد میں پادری امجد فاروق،پادری اسٹیفن غلام،پادری محسن اقبال،سموئیل نذیر، پرویز برکت، منور مسیح، اندرپاس الیاس،شہباز گِل، ارشد بوٹا، محبوب عالم،گلزار چیمہ،آصف بھٹی،ادریس بھٹی ودیگر بھی شامل تھے۔