تمام شہریوں تک صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، شہباز شریف


 اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے آج صحت کے عالمی دن کے موقع پر میں حکومت پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ تمام شہریوں تک صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اس سال صحت کے عالمی دن کا موضوع  “میری صحت، میرا حق” ہے جو کہ اس امر کی تجدید کرتا ہے کہ صحت عامہ کی سہولیات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق عالمی یوم صحت 2024 پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پیغام میں کہا پاکستان مسلم لیگ (ن)کے منشور میں صحت کی سہولیات سب تک پہنچانے کے وعدے کے مطابق ہماری توجہ پرائمری، سیکنڈری اور ٹرشری ہیلتھ کیئر، طبی نگہداشت ، طبی تعلیم اور گورننس کو بہتر بنانے پر رہے گی۔ ہم عام آدمی تک صحت کی سہولیات کی رسائی کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ہم موبائل ہیلتھ کلینک شروع کرنے، حفاظتی ٹیکوں کے نظام کو مزید متحرک کرنے اور ذہنی صحت کے حوالے سے  خدمات کو بہتر بنانے کے لیے صوبائی حکومتوں کی مدد اور اور حوصلہ افزائی کریں گے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہر صوبے میں میڈیکل سٹی کا قیام اور آپریشنلائزیشن، کینسر کیئر ہسپتال کا قیام اور ہر صوبے میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کی سہولیات کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہمیں پاکستان مسلم لیگ ن کے 2013 سے 2018 تک کے دور میں ہیلتھ کارڈ کی سہولت شروع کرنے پر فخر ہے۔

شہباز شریف نے کہا ہم اپنی شہریوں کے لیے یونیورسل ہیلتھ کوریج اور یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے لیے پرعزم ہیں اور خاص کر کم آمدن افراد کے لیے صحت کی سہولیات کی مفت فراہمی کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔صحت کے اس عالمی دن پر، میں صحت کے پیشہ ور افراد، پیرا میڈیکل اسٹاف، نرسوں اور دیگر ہیلتھ ورکرز کی خدمات کو سراہتا ہوں جو قوم کو صحت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے دن رات کام کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا میں ایک بار پھر پاکستان کے صحت کے شعبے کو ہر سطح پر بہتر کرنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہر پاکستانی کو معیاری صحت کی خدمات تک رسائی حاصل ہو۔