غزہ پرمسلط اسرائیلی جنگ کو 6 ماہ مکمل، 33 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے


غزہ (صباح نیوز) غزہ پرمسلط اسرائیلی جنگ کو 6 ماہ مکمل ہو چکے ہیں، اسرائیلی حملوں میں اب تک 33 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ جنگ 21 ویں صدی کی سب سے تباہ کن جنگ بن چکی ہے، شہید فلسطینیوں میں 13 ہزار سے زائد تعداد بچوں کی ہے۔

حماس کے زیر انتظام غزہ کی پٹی کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 33 ہزار137 فلسطینی شہید اور 75 ہزار 815 زخمی ہو چکے ہیں۔اسرائیلی حملوں میں غزہ کی 70 فیصد آبادی بے گھر، 56 فیصد عمارتیں تباہ اور 227 مساجد کو شہید کیا گیا۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ 11 لاکھ فلسطینی شہریوں کو خوراک کے عدم تحفظ کا سامنا ہے جبکہ 2 سال سے کم عمر کے 31 فیصد بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔ واضح رہے کہ قطر، مصر اور امریکا کی ثالثی میں غزہ میں جنگ بندی مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق صحافیوں کی عالمی تنظیم، انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس(آئی ایف جے)کے مطابق جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک 99 فلسطینی صحافی اور میڈیا سے وابستہ افراد، چار اسرائیلی جبکہ 3 لبنانی صحافی مارے گئے ہیں۔