پشاور (صباح نیوز)میئر پشاور زبیر علی نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہ کر کے عوامی نمائندگی نہیں کی۔
پشاور پریس کلب میں اسپورٹس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر پشاور نے کہا کہ صوبائی حکومت کو چاہیے کہ وفاق کے ساتھ اچھے تعلقات رکھے، خیبر پختونخوا کے عوام نے ہم پر اعتماد کیا ہے۔زبیر علی کا کہنا ہے کہ منتخب ہونے کے بعد ہم کسی سیاسی جماعت کے نہیں عوام کے نمائندے ہیں، بقایاجات لینے کے لیے وفاق کے ساتھ اچھے تعلقات بنانے ہوں گے۔
میئر پشاور نے یہ بھی کہا ہے کہ مجھے جو ایوارڈ ملا تھا وہ کارکردگی کی بنیاد پر دیا گیا تھا، صوبے کے عوامی مسائل حل کرنے کے لیے ہمیں باہمی اختلافات دور کرنے ہوں گے۔