کراچی، ایف آئی اے کی وزارت خارجہ کے متوازی سیٹ اپ کیخلاف کارروائی، ویزا فراڈ میں ملوث 4 ملزمان گرفتار


 کراچی(صباح نیوز) ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل نے کراچی میں وزارت خارجہ کے متوازی سیٹ اپ کے خلاف کارروائی کے دوران جعلسازی، ویزا فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان واصف الدین، سید عتیق احمد، محمد سراج الحق اور محمد فہد کی گرفتاری گلشن اقبال میں واقع ویسٹرن انٹر پرائزز ایجوکیشن کنسلٹنٹ کے دفتر پر چھاپے کے دوران عمل میں آئی۔چھاپے کے دوران ملزمان سے سرکاری و غیر سرکاری اداروں کی ربڑ کی جعلی مہریں بھی بڑی تعداد میں برآمد ہوئیں، برآمد ہونے والی مہروں میں تعلیمی اداروں، وزارت خارجہ اور وزارت تعلیم کی مہریں شامل ہیں۔

علاوہ ازیں پاکستان و بین الاقوامی جامعات کی مہریں جعلی مارک شیٹیں اور ڈگریاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ملزمان سے کثیر تعداد میں پاسپورٹس بھی برآمد کر لیے گئے، ملزمان سے نجی بینکوں کی مہریں بھی برآمد ہوئیں جو جعلی بینک اسٹیٹمنٹ بنانے میں استعمال ہو رہی تھیں  چھاپہ مار کارروائی میں وزرات خارجہ کے جعلی ٹکٹس بھی برآمد ہوئے۔  ملزمان ویزا حصول کے لیے جعلی سفری دستاویزات بنانے میں ملوث تھے، ملزمان تعلیمی اور وزٹ ویزا کے حصول کے لیے جعلی بینک اسٹیٹمنٹ بناتے تھے۔ ملزمان کے زیر استعمال کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپس کو بھی قبضے میں لے لیا گیا اور ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، تفتیش کی روشنی میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔