کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کا نظم حافظ نعیم الرحمن کے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر منتخب ہونے پر خیر مقدم کرتا ہے اور دعا گو ہے اللہ تعالی استقامت، صلاحیت اوروہ تمام اوصاف عطا فرمائے جو اس نئی ذمہ داری کے لئے ضروری ہیں اورانہیں بہترین صحت اور قوت عطا فرمائے اورتمام شرور سے محفوظ رکھے ۔
یہ بات حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے نومنتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی رہائش گاہ جاکر اہلیہ ڈاکٹر شمائلہ نعیم و دیگر اہل خانہ سے ملاقات کے موقع پر کہی ۔ ملاقات میں رکن مرکزی شوری اسماء سفیر، نائب ناظمہ کراچی فرح عمران، شیبا طاہر، سمیہ عاصم،سیکریٹری اطلاعات ثمرین احمد اور معاون کراچی روحینہ بھی موجود تھیں۔
جاوداں فہیم نے مزیدکہاکہ اللہ تعالی سے دعا گو ہیں کہ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی پاکستان کو جماعت کے عقیدے اور نصب العین پر یکجا رکھے اورامت مسلمہ کے لئے متحرک اور جاندار کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔جماعت اسلامی پاکستان کی افرادی قوت کو نئی قیادت کا دست وبازو بنائے تاکہ پوری دنیا سے ظلم کے نظام کو جڑ سے ختم کرکے اسلامی ریاست کی بنیادیں اٹھائی جائیں۔